بھارت: سرکاری سکول میں طلبہ کے لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری پڑھنے کی شکایت پر پرنسپل معطل
نئی دہلی (اے پی پی)بھارتی ریاست اترپردیش کے سرکاری سکول میں طلبہ کے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا دعائیہ کلام لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری پڑھنے کی شکایت پر پرنسپل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے بھارتی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے ضلع بریلی میں دائیں بازو کے گروپوں کی جانب سے پولیس کو شکایت کی گئی کہ سکول میں بچوں نے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری پڑھا ہے۔سوشل میڈیا پر سکول کے طلبہ کی ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں یہ کلام پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، وڈیو کے وائرل ہوتے ہی محکمہ تعلیم نے سکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے۔محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنا پر پرنسپل کو معطل کیا گیا ہے اور وہ اس معاملے کی انکوائری کریں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2019 میں ریاست کے پیلی بھیت ضلع میں ایک ہیڈ ماسٹر کو بھی اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب طلبہ نے یہ کلام پڑھا تھا۔