دہشتگردوں،ان کے،سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم :آرمی چیف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور تربیلا کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق سربراہ پاک فوج نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرے کو ناکام بنانے کے ردعمل کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک۔ افغانستان سرحد پر تعینات فرنٹ لائن دستوں کا بھی دورہ کیا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی توجہ سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اقتصادی ترقی کے ذریعے دیرپا امن کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سکیورٹی اداروں اور پاکستانی قوم کی عظیم قربانیوں اور سخت محنت سے حاصل کیے گئے امن کو مستحکم کرے گی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے ایس ایس جی ہیڈکوآرٹرز تربیلا کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف سے ملاقات کرنے والوں میں ضرار کمپنی کے جوان بھی شامل تھے جن کے سپاہیوں نے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں ہونے والے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔ آرمی چیف نے مختلف آپریشنز میں ان کے ناقابل تسخیر جذبے، قربانیوں اور عزم کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہے اور اس نے کئی سالوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ یہ فولاد سے کم نہیں۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف