• news

پاکستان مختلف مذاہب ‘ مسالک کے لوگوں پر مشتمل خوبصورت گلدستہ:سی سی پی او


لاہور(نامہ نگار)کرسمس کی آمد پرکیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ مسیحی و مسلم کمیونٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور مسلم اکابرین کرام نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔شہر کے مختلف گرجا گھروں کے پادریوں،بشپ اور پاسٹرز،سنٹرل ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ارکان، مسلم علما کرام مشائخ عظام بھی موجود تھے۔ریونڈ ڈاکٹر مجید ایبل،میجر خرم شہزاد،پادری عمران سموئیل،فادر آصف سردار،پادری سلیم سلطان،آرچر بشپ سبطین، شمعون بوٹا،آغا شاہ حسین قزلباش،مولانا محمد علی نقشبندی،قاسم علی قاسمی، مولانا حافظ اشرف گجر، مولانا شکیل الرحمٰن ناصر،صاحبزادہ حافظ بابر فاروق،حافظ سعید عمران اور دیگر علما کرام نے تقریب میں شرکت کی۔ایس پی سکیورٹی دوست محمد،ڈی ایس پی ریحان جمال،سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ کے پادری شاہد معراج کی وفات پر ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے لوگوں پر مشتمل خوبصورت گلدستہ ہے۔کرسچین کمیونٹی سمیت اقلیتیں ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔لاہورپولیس کرسمس کی عبادات،تقریبات اور مسیحی برادری کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ مسیحی پولیس اہلکار و افسران شہریوں کی جان و مال کی حفاظت،امن کے قیام میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن