سی ای او روڈاکا دریا کی ترقیاتی ، تعمیراتی سائٹس کا دورہ ، ماسٹر پلان کا جائزہ لیا
لاہور(نیوز رپورٹر) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے آج ریور ٹریننگ سائٹ کا دورہ کیا اور دریائے راوی کے اطراف میں پشتوں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق روڈا کے پہلے مرحلے میں اس سال کے اوائل میں ریور ٹریننگ کا آغاز ہوا جس کا اپنا ماسٹر پلان ہے۔ RUDA کے ماسٹر پلان کی روشنی میں کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ اگرچہ منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کے مختلف رخ ہیں۔ قبل ازیں سی ای او نے آنے والے فلیگ شپ رہائشی منصوبے چہار باغ کا بھی دورہ کیا،جہاں انہیں روڈاکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگیڈیئر وحید(ر) نے اب تک مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ سی ای او عمران امین نے سائٹ پرموجود ریزیڈنٹ انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ کمیونیکیشن انفراسٹرکچر، ٹرنک کے ساتھ لنک اپ اور چہار باغ کو رنگ روڈ سے جوڑنے والے فلائی آوور کی فزیبیلٹی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ آخر میں ڈائریکٹر اربن پلاننگ زاہد حسین نے روڈا کے منظور شدہ ماسٹر پلان کے مطابق شروع کئے گئے تمام کاموں کا جائزہ پیش کیا اور اسے جدیدیت، گہری ماحولیات ،دریا اور اس کے تمام پہلوﺅں کے ساتھ مستقبل کے لئے بہترین شہری ڈیزائن کے تصور پر مبنی قرار دیا۔ سی ای او نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ روڈا نئی اتھارٹی ہونے کے باوجود ایک طرف جدید شہر اور دوسری طرف لاہور کی بحالی کے تصور میں انقلاب برپاکرنے کے لئے پوری طرح سے تمام وسائل سے لیس ہے۔