نیوی انجینئرنگ کالج میں غیر ملکی طلبہ کی بڑھتی تعداد ترقی کا ثبوت: ایڈمرل امجد خان
کراچی (اے پی پی) پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (پی این ای سی) کے 34ویں کانووکیشن کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیول چیف نے 382 گریجویٹس میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز اور بیچلرز کی ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ مختلف تعلیمی شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکو 41 میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے پاک بحریہ کے افسران کو علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج کے مساوی تربیت دینے کے عزم کو اجاگر کیا۔ ایڈمرل امجد خان نیازی نے اس بات کو سراہا کہ غیر ملکی طلباءکی بڑھتی ہوئی تعداد اس کالج کے انجینئرنگ شعبے کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج نے خطبہ استقبالیہ کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج انجینئرنگ کے شعبے میں معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے ۔ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کی ٹیم نے پانچ بین الاقوامی اور چار قومی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ کانووکیشن کی تقریب میں دفاعی افواج کے حکام، سول اداروں کے نمائندگان اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین نے شرکت کی۔
نیوی انجینئرنگ کالج