• news

شاید دھند حادثے، ۴ جاں بحق، موٹروے بجلی، پروازوں کا نظام، درہم برہم


لاہور / اسلام آباد/ چناب نگر/ چنیوٹ (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت‘ آئی این پی) پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں آگئے۔ لاہور‘ چناب نگر میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث پروازوں کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ اسلام آباد اور کراچی سے آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ بین الاقوامی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے سے بھی مسافروںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موٹر وے کو بھی ٹریفک کےلئے بند رکھا گیا۔ دھند سے این ٹی ڈی سی اور ڈسکوز کا سسٹم متاثر ہونے لگا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ آئندہ 48گھنٹوں میں پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ بارش نہ ہونے کے باعث سردی اور دھند میں اضافے کا امکان ہے۔ لاہور میں شیرا کوٹ میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ڈیوس روڈ پر ٹریفک حادثے میں 23سالہ نوجوان سلیمان جاں بحق ہوا۔ دبئی، مدینہ منورہ اور ابوظبی سے لاہور آنے والی 3پروازیں شدید دھند کے باعث اسلام آباد اتار لی گئیں۔ جبکہ دمام اور ابوظبی سے آنے والی غیر ملکی ائرلائنز کی پروازوں کو 9 گھنٹے سے زائد تاخیر کا سامنا رہا ۔ لاہور سے استنبول، کوئٹہ اور جدہ کے لیے روانہ ہونے والی پروازوں کو بھی اسلام آباد اتارا گیا۔ استنبول، جدہ اور کوئٹہ جانے والی پروازیں راستے میں دھند کی زیادتی کے باعث اسلام آباد اتاری گئیں۔ کراچی سے اسلام جانے والی صبح 7بجے کی پرواز پی کے 300ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ ایئر سیال کی کراچی سے لاہور کی صبح 8 بجے کی پرواز پی ایف 141 دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور کی صبح 8بجے کی پرواز پی کے 588 آٹھ گھنٹے تاخیر سے شام 4بجے شیڈول کردی گئی۔ پی آئی اے ہی کی کراچی سے لاہور کی 9بجے کی پرواز پی کے 302 ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو گئی جبکہ ایئر بلیو کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی اے 200 منسوخ کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کی کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 580 منسوخ کردی گئی۔ چناب نگر کے تھانہ کانڈیوال کے علاقہ کالووال میں دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل میں تصادم سے موٹرسائیکل سوار 50 سالہ منیر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ 28 سالہ قاسم شدید زخمی ہو گیا۔ چنیوٹ میں دھند کے باعث سواریوں سے بھرا ہوا رکشہ چنیوٹ روڈ پر سولنگ سٹاپ کے قریب ٹرالر سے جا ٹکرایا جس کے باعث رکشہ میں سوار زینب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ملک بھر میں متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں‘ لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی 34 ڈاون پاک بزنس شام 4 بجے کی بجائے 5 بجے کراچی روانہ ھوئی لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی 16 ڈاﺅن کراچی ایکسپریس شام 4 بجکر 30منٹ کی بجائے شام 5 بجکر30 منٹ پر روانہ ہوئی۔

دھند حادثے

ای پیپر-دی نیشن