پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی ‘پی ٹی آئی پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے،سراج الحق
لاہور‘اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں جھوٹے گوشوارے داخل کرانے والے، مالی و اخلاقی کرپشن میں ملوث لوگ ملک پر قابض، دس بڑوں کا حقیقی احتساب ہو جائے تو سب جیل جائیں گے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کو حالات کی پروا نہیں،بڑی پریشانی یہ ہے کہ ان کے اثاثوں اور کارناموں کی اطلاع قوم تک کیسے پہنچی؟ ہمارا تعلیمی نظام اس لیے زوال کا شکار ہے کہ حکمرانوں کے بچے یہاں نہیں پڑھتے، ہسپتال اس لیے تباہ ہیں کہ اشرافیہ بیرون ملک علاج کرواتی ہے، معیشت کی بربادی کی وجہ یہ ہے کہ حکمران طبقہ کا کاروبار یورپ، امریکا اور دبئی میں ہے، یہ آستین کے سانپ ہیں، قوم ان کو پہچانے، ان کے ہوتے ہوئے کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔ غریب مظلوم اور مقروض قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے لیے آئندہ الیکشن یوم حساب بنا دے۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکمران اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، اپنے آپ کو سیاسی پنڈت اور قوم کو شودر سمجھنے والوں کا احتساب وقت کی ضرورت ہے اور قوم ہی ان کا احتساب کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ایجنڈا اسلامی نظام کا ایجنڈا ہے، اسلامی نظام کا ایجنڈا عدل و انصاف کی حکمرانی، یکساں نظام تعلیم، سود سے پاک معیشت کا ایجنڈا ہے۔ انھوں نے شرکا کو یہ ہدایت کی کہ واپس جا کر قوم میں آگاہی پیدا کریں۔ عوام کا پیمانہءصبر لبریز ہو چکا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ حالات سے مایوس ہونے کی بجائے انقلابِ اسلامی کی شمع روشن کی جائے، یہ ملک شہدا کی میراث ہے، اس کو سنبھالنا ہماری ذمہ داری ہے، انقلاب کا آغاز اپنی ذات سے کیجیے۔
سراج الحق