• news

کچی آبا دیوں میں مقیم اقلیتوں کو ما لکا نہ حقوق دینے کا اعلان 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ آفس میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب  میں پرویزالٰہی مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور کہا کہ میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں نے اپنے سابقہ دور میں یوحنا آباد اور قصور میں خود جا کر مسیحی افراد کو مالکانہ حقوق دیئے تھے اور آج کرسمس کے موقع پر ایک بار پھر کچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جہاں کچی آبادیوں میں مقیم مسلمانوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، وہاں اقلیتوں کو بھی مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے رکھا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد مقرر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر خصوصی فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔ گرجا گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز کو بڑھا کر کروڑوں میں پہنچا دیا ہے۔ اقلیتی برادری کے اراکین اسمبلی کے حلقوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ پرویزالٰہی نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 25 دسمبر کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری کیلئے یکساں طور پر خوشیوں بھرا دن ہے۔ یہ حضرت عیسی ؑکا یوم ولادت بھی ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا بھی۔ امن اور محبت کا فروغ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات کا خاصہ ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان دین اسلام کا لازمی جزو ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان کے برعکس پڑوسی ملک بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ جمہوری ریاست ہونے کے نام نہاد دعویدار بھارت میں نہ صرف انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں بلکہ وہاں اقلیتی برادری بھی محفوظ نہیں۔ اگر وادی کشمیر پر نظر ڈالی جائے تو اقلیتوں کے متعلق بھارت کا مذموم چہرہ کھل کر بے نقاب ہو چکا ہے۔ یوم قائد پر پیغام میں پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران‘ اے قائداعظم تیرا احسان ہے احسان۔ آزادی جیسی نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں اور اس سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں۔ بحیثیت قوم آزاد وطن میں سانس لینے پر ہم قائداعظم محمد علی جناح کا عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ساجد علی سدپارہ کو ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کیلئے 15 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کیلئے ساجد علی سدپارہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ شہروں‘ دیہات اور گلی محلوں کے ساتھ پہاڑوں کو بھی صاف رکھنا ضروری ہے۔ پنجاب حکومت ’’کے ٹو کلین اپ‘‘ مہم کو مکمل سپورٹ کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن