قائداعظمؒ کا یوم پیدائش آج، بانی پاکستان کے اصولوں پر چلنے کی ضرورت، صدر، وزیراعظم
اسلام آباد ؍کراچی (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) بابائے قوم قائداعظم کا یوم پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغامات میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کے اصولوں پر چلنے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم کے ویژن کی روشنی میں سیاست سے مفاد پرستی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیل کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش (آج) اتوارکو ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقد ہوگی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا چاق وچوبند دستہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے گا۔ بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر اہم شخصیات مزار قائد پر حاضری دیں گی۔ پھولوں کی چار چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔ ملک بھر میں سیمینار۔کانفرنسز اور دیگر تقریبات ہوں گی۔ ان تقریبات میں قائد اعظم محمد جناح کو ان کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر اخبارات میں خصوصی ایڈیشنز اور چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ صدر مملکت نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم اپنے پیارے بانی پاکستان، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بڑے پیار، جوش اور عقیدت کے ساتھ منا رہے ہیں، اس دن ہم برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہیں جہاں ہم قائد کے تصور کے مطابق اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے آزاد ہیں، ان کی انتھک کوششوں کی بدولت ہمیں ایک ایسا ملک نصیب ہوا جہاں ہم آزاد انسانوں کی طرح رہ سکتے ہیں اور سانس لے سکتے ہیں اور اپنی خواہشات اور ثقافت کے مطابق ترقی کر سکتے ہیں ۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئیے قائد کی اس نصیحت کو قبول کریں کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندیوں پر نہیں پہنچ سکتی جب تک آپ کی خواتین آپ کے شانہ بشانہ نہ ہوں، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئیے ہم اپنی صفوں میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ قائدکے موقع پر پیغام میں کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے حقوق کی آئینی جنگ اس احسن طریقے سے لڑی کہ آج ہم سب اس وطنِ عزیز پاکستان میں آزادی سے سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم کی جدوجہد ایک اکثریت کے اقلیتوں کے حقوق کو صرف عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی۔ پاکستانی قوم کو آج قائدِ اعظم کے فرمودات اور وضع کردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں۔ پاکستان کا وفاقی آئین قائدِ اعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے جس میں ہر اکائی کی انفرادی خوبصورتی کو ماند کئے بغیر سب کو یکساں ترقی و خوشحالی کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم قاید پر پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے جمہوریت، مساوات، ائین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی سے متعلق تصورات کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو زور دیا ہے کہ آج قومی حالات کا جائزہ لینے اور بابائے قوم کے سیاسی اصولوں اور ویژن کی روشنی میں ملکی سیاست سے جھوٹی انا، ذاتی مفاد پرستی اور نفرت کی سوچ کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کی آئین و قانون پسندی کی پیروی کریں اور ملک کی بے لوث خدمت اور بھرپور لگن و جذبے سے کام کریں۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان جمہوریت پسند اور روشن خیال قائد تھے وہ انسانی اور مذہبی آزادی کے وکیل تھے۔