• news

کرسمس آج‘ ملکی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی خدمات قابل قدر: صدر‘ وزیراعظم


لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں چرچ سج گئے ہیں۔ مسیحی برادری آج کرسمس روایتی جوش و جذبہ سے منا رہی ہے۔ گرجاگھروں میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ امن و ترقی کیلئے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ صدرمملکت‘ وزیراعظم سمیت اہم قومی رہنمائوں نے کرسمس کے موقع پر پیغامات جاری کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرسمس ٹریز کی تیاری کیساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ کرسمس کی مناسبت سے گزشتہ رات گرجاگھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا آغاز ہوا جو صبح تک جاری رہا اور ان کے اختتام پر ملکی ترقی‘ قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیںمانگی گئیں۔ مسیحی خاندان خصوصی دعا میں شرکت کے بعد تحائف کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منانے کیلئے رشتہ داروں اور دوست احباب کے گھروں کا رخ کریں گے۔  مسیحی اداروں میں رنگا رنگ تقریبات کا  تسلسل بھی رات گئے تک جاری رہے گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان اور دنیا بھر کے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدرمملکت ملک کیلئے مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ آج ساری دنیا اور پاکستان  میں لاکھوں مسیحی حضرت عیسیٰؑ کا یوم پیدائش منا رہے ہیں جنہیں امن‘ بھائی چارے اور احترام انسانیت کی علامت کے طور پر اس دنیا میں بھیجا گیا تھا۔ حکومت نے پاکستان میں اقلیتوں کو بااختیار بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں اور وہ زندگی کے تمام شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنا کر امن کا گہوارہ بنانے اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا چاہئے۔ کرسمس کا تہوار آفاقی محبت و اخوت‘ برداشت  اور ایثار  کا درس دیتا ہے۔ اقوام عالم کو حضرت عیسیٰ کے محبت کے پیغام کو مشعل راہ بنا کر نفرت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد اور ان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس امن‘ رواداری اور بھائی چارے کے آفاقی پیغام پر غور کرنے اور اسے فروغ دینے کا موقع ہے۔ دعاگو ہوں یہ کرسمس دنیا کیلئے امن اور خوشحالی کا وسیلہ ثابت ہو۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر تمام مسیح قوم خاص طور پر پاکستان میں بسنے والے مسیح پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر پاکستان کی ترقی کیلئے برادری کا کردار ناقابل فراموش رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن