• news

خیبر پی کے حکومت کی نااہلی سے دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے: احسن اقبال

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور ایسا سنگ میل عبور کر رہے ہیں جس کا کسی نے خواب نہیں دیکھا تھا، اس وقت ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، جو دہشت گردی ختم کر دی گئی تھی اب دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ 2013ء میں بھی ملک ایسا ہی ملا جس میں اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ اور ہر جگہ دہشت گرد موجود تھے، اس وقت کے وزیراعظم نے دو کام کیے ایک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام شروع کیا، پاکستان اتنی ہی جنگ لڑتا تھا جتنے امریکہ سے فنڈز ملتے تھے لیکن محمد نواز شریف نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے مشکل فیصلے اور ٹھوس اقدامات کئے۔ سکیورٹی فورسز اور عوام کی بے پناہ قربانیوں کے بعد دہشتگردی سے نجات حاصل ہوئی، کراچی کی روشنیاں پھر سے بحال ہوئیں، سی پیک کے منصوبے کا آغاز کیا، صرف چار سالوں میں11ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جس کی بیک بون انجینئرز تھے۔ وہ ہفتہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں انجینئرز آف پاکستان کے 56 ویںسالانہ جنرل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے طول وعرض میں دو ہزار کلومیٹر طویل موٹر ویز کا جال بچھایا گیا،2013ء میں دنیا پاکستان کو دہشت گردی کی نظر سے دیکھتی تھی۔ 2018ء میں تمام بڑے ممالک کے لوگ ہمیں پوچھتے تھے کہ سی پیک میں کہاں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو اکنامک پاور کے طور پر دیکھا جا رہا تھا پھر پاکستان میں ایک سیاسی تجربہ کیا گیا، 2018ء میں ہماری حکومت آنے سے پہلے آخری سہ ماہی کے دوران وزرات خزانہ کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے پیسے نہیں تھے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے جو بجٹ ہم نے چھوڑا وہ سکڑ کر پانچ سو ارب تک آگیا، اس بحران سے نکل کر جلد اپنے پائوں پر کھڑے ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا پاکستان کی تعمیرنو کرنی ہے تاکہ مستقبل میں کلائمیٹ چینج کے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے، نارووال سپورٹس سٹی لاہور سے ایک گھنٹہ کے فاصلے پر ہے، ماضی میں دیکھا کہ پاکستان اولمپک اور دوسری گیمز میں پانچ سے سات میڈل لے کر آتا تھا لیکن اب ایک بھی نہیں آتا، تحریک انصاف کی کے پی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، اب اتحاد کے ساتھ ملک کو مشکلات سے نکالنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن