ثقلین ‘ٹیٹ کا معاہدہ فروری میں ختم ‘مکی آرتھر ہیڈ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز آخری اسائنمنٹ ہے جبکہ ہیڈ کوچ کیلئے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی ایک سال کیلئے رواں برس فروری میں تقرری کی تھی، ہیڈ کوچ اور بائولنگ کوچ کی ایک سالہ تقرری کا اعلامیہ بھی جاری کیا تھا۔ ہیڈ کوچ اور بائولنگ کوچ کی مدت فروری 2023 میں ختم ہو جائیگی۔ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے کہنے پر محمد یوسف مستقل ٹیم کیساتھ ہی تعینات رہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اب ہیڈ کوچ، بائولنگ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی تقرری کے عمل آغاز کرے گا۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے مکی آرتھر مضبوط امیدوار ہیں۔ واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں، ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان بھی مکی آرتھر کی تقرری کے حق میں ہیں، جلد کوچ کی تقرری کے باضابطہ طریقہ کار کا آغاز کر دیا جائیگا۔