فرانسیسی وزیرنے ارجنٹائن کی ٹیم کو غیرمہذب قرار دیدیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک) فرانسیسی وزیر کھیل نے فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کو غیر مہذب قرار دیدیا۔ فرانس کی وزیر برائے کھیل امیلے اودیا کاستیرا نے کہا کہ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے فرانسیسی کھلاڑی کلیان امباپے کا مذاق اڑانا ناشائستہ حرکت تھی۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے جیت کے بعد جو حرکتیں کیں وہ اس میچ کے وقار کے مطابق نہیں تھیں جو ہم نے دیکھا تھا۔ وزیر کھیل نے ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینز کوبیونس آئرس میں ہونے والی جیت کی پریڈ میں فرانسیسی کھلاڑی امباپے کے سٹکر والی گڑیا تھامنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایمیلیانو مارٹینز کا یہ عمل شرمناک تھا۔