چین ایک دن میں 3.7کروڑ کرونا کا شکار ، پاکستان کیلئے خطرہ
اسلام آباد؍ بیجنگ؍ نئی دہلی (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) چین میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ خطرناک ہو گیا۔ وہاں ایک ہی روز میں تین کروڑ 70 لاکھ افراد کے متاثرہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس ماہ میں 50 کروڑ چینیوں کے بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔ سال نو کے موقع پر کرونا کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ 20 دن میں کرونا کے 25 کروڑ کیسز کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ چین کی 18 فیصد آبادی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 4ہزار 403ٹیسٹ کئے گئے جس میں 13نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مہلک وائرس میں مبتلا 17مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ این آئی ایچ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 0.30فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید ایک افراد جاں بحق ہوگیا ہے۔ قومی ادارہ برائے (این آئی ایچ) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وضاحت کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں‘ اس حوالے سے قومی ادارہ برائے صحت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔