ضلع کرم‘ قبائلی تنازعہ پر فائرنگ مارٹر گولہ پھٹنے سے 5 افراد ہلاک
کرم ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ) ضلع کرم میں معدنیات نکالنے کے تنازعے پر فریقین کے مابین فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاڑہ چمکنی قبائل کے مورچے میں مارٹر گولہ پھٹنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق معدنیات نکالنے کے تنازعے پر 5 افراد کے اغوا کے بعد فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی کوششوں سے جرگے کے ذریعے 5 افرادکو بازیاب کرا لیا گیا تھا تاہم دوبارہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گنداو کے علاقے میں ایک مورچے میں مارٹر کا گولہ پھٹنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع کرم واصل خان کا کہنا ہے کہ جرگہ اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔