سی ٹی ڈی کاپنجاب میں بڑا آپریشن ‘کالعدم تنظیموں کے 7دہشتگرد گرفتار
لاہور‘اسلام آ باد (نامہ نگار+آئی این پی + اے پی پی ) سی ٹی ڈی نے آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچربرآمد ہوا ہے اور یہ دہشت گرد صوبے کے حساس شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتاردہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے موثر انداز سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 25انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے جن میں 25 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران7کو گرفتار کر لیا۔گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ا رکان شفیع اللہ سفیان اور محمد رفیق لشکرجھنگوی کے ارکان خالد محمود اور محمد لقمان جبکہ القاعدہ کا رکن محسن وقارشامل ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے سمیت دہشتگردانہ کارروائیاں اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، مبینہ دہشت گردوں کے خلاف اولپنڈی، بہاولپور، ڈی جی خان، گوجرانوالہ اور ملتان میں مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی پنجاب نے مقامی پولیس کے تعاون سے صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں 433 کومبنگ آپریشنز کیے جس کے نتیجے میں19,633 افراد کو چیک کیا گیا، 96 مشتبہ افراد کو گرفتارجبکہ69 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 54 بازیابیاں بھی کی گئیں۔