• news

مسیحی برادری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس جوش و خروش سے منایا


لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار+ آئی این پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار کو مسیحی برادری نے کرسمس روایتی جوش و خروش سے منایا۔ کلیساؤں میں خصوصی تقریبات اور عبادات کا اہتمام کیا گیا تھا، جن میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ گرجا گھروں میں ہونے والی خصوصی سروس میں ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی، خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں۔ مسیحی برادری نے گھروں میں چراغاں کیا اور کرسمس ٹریز بھی لگائے گئے۔ سردی کے باوجود رنگ برنگ کپڑوں اور ملبوسات میں لوگ اپنے انداز میں کرسمس کا دن مناتے رہے جب کہ تفریحی مقامات، پارکوں، ہوٹلوں اور سینما گھروں میں بھی عوام کا رش رہا۔ لاہور میں مسیحی برادری کے بڑے مذہبی اجتماعات نولکھا چرچ، کیتھڈرل چرچ، سینٹ انتھونی چرچ اور ڈان باسکو چرچ میں ہوئے۔ کرسمس کے پرمسرت موقع پر سانتاکلاز کے روپ میں بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ کرسمس کی خوشی میں خصوصی طور پر تیارکرائے گئے کیک بھی عزیزو اقارب اور دوستوں کومبارکباد کے پیغام کے ساتھ بھجوائے گئے۔ اسلام آباد میں مسیحی برادری نے گلی کوچوں کی سجاوٹ کے ساتھ گھروں میں کرسمس ٹری بھی سجا لیے۔ کراچی میں گرجا گھروں پر چراغاں کر کے عبادات اور دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔  کوئٹہ کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں کرسمس تقریب میں قومی پرچم اٹھائے سانتا کلاز نے مذہبی گیت کیرلز گا کر ملک کی سلامتی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی۔ پشاور کے مسیحی لوک گلوکار ڈینیل شوکت نے کرسمس پر پہلی بار اپنا مذہبی گیت پشتو زبان میں ریکارڈ کروا یا۔

ای پیپر-دی نیشن