لاہور عجائب گھر میں قائداعظم کے یوم پیدائش پر نایاب تصاویر کی نمائش
لاہور ( کلچرل رپورٹر) لاہور عجائب گھر میں قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر لاہور عجائب گھر میں نیشنل میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور قائداعظم کے فوٹوگرافر عزیز احمد المعروف ایزنک کے خاندان کے تعاون سے قائد اعظم کی زندگی پر مبنی منفرد اور نایاب تصاویر کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح عزیز احمد کے صاحبزادے رفیق احمد اور ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر محمد عثمان نے کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر محمد عثمان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک عظیم ہیرو کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی کاوشوں کی بدولت ہی ہم آج ایک آزاد مملکت میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ لاہور عجائب گھر میں یہ جو نمائش لگائی گئی ہے یہ نا صرف ہمارے لئے بلکہ پر طالب علموں کے لئے عظیم سرمایہ ہے۔ ڈائریکٹر لاہور میوزیم نے نیشنل میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نمائش میں رکھنے کے لیے اپنے میوزیم کی چیزوں کو لاہور عجائب گھر کو دیں۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔