• news

ورک لوڈ مینجمنٹ ضروری‘ بینچ پر موجود سینئرز کو موقع ملنا چاہیے: شاہد آفریدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے کہاہے کہ کھلاڑیوں کا ورک لوڈ مینجمنٹ بہت ضروری ہے، جو سینئرز  بینچ پر ہیں انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔شاہد آفریدی نیشنل بینک کرکٹ ارینا پہنچے جہاں انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف سپن وکٹیں ہی کیوں بناتے ہیں، ہمارے اندر اتنی صلاحیت ہے کہ ہم آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ جیسی وکٹ بنا سکتے ہیں،  جب تک پرانی سوچ سے باہر نہیں نکلیں گے نمبر ون نہیں ہوں گے۔  معلوم ہوا ہے کہ نسیم شاہ مکمل فٹ نہیں، میر حمزہ کو شاہین آفریدی کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ، شاہنواز دھانی کو دو سال سے ساتھ لیکر چل رہے ہیں اسے کب موقع دیں گے۔کئی پلیئرز مسلسل کھیل رہے ہیں، کھلاڑیوں کا ورک لوڈ مینجمنٹ بھی ضروری ہے، جو سینئر کھلاڑی بینچ پر موجود ہیں انہیں بھی موقع ملنا چاہیے۔کراچی کی وکٹ دیکھی ہے، ابھی سلیکشن کمیٹی بابر اعظم کیساتھ مشاورت کریگی، بابر اعظم جس طرح کا ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے ہم اسے اسی طرح کا بہترین کپتان بنانے کیلئے آئے ہیں۔بابراعظم کی کپتانی میں مزید بہتری لائیں گے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، اب انصاف سے فیصلے ہوں گے۔ عبد الرزق کا آئیڈیا ہے کہ صرف ٹرننگ وکٹ نہیں ہونی چاہیئے بلکہ ہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی وکٹیں بھی بنا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن