• news

قائد اعظم کی انتھک محنت ‘لگن سے پیارا وطن معرضِ وجود میں آیا،پیر نقیب الرحمن


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) در بار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین وعالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن کہا ہے خانقاہیں اور درگاہیں در حقیقت توحید کے مئے خانے ہیں جہاں آنے والی مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے اپنی ذات میں موجود گناہوں، کمزوریوں، کوتاہیوں کو دور کیا جائے، اپنے ربِ کریم کو دلوں میں بسایا جائے، باقی کے ساتھ تعلق جوڑا جائے تا کہ خود بھی باقی ہو جائیں۔کلمہ شریف پڑھنے کے بعد سب سے اہم چیز عقیدہ ہے اور عقائد میں یہ عقیدہ ہمارے دلوں کے اندر مضبوطی سے راسخ ہو ہمارا کریم رب حاضر و ناظر ہے، ہمیں دیکھ رہا ہے اور ہمارے دلوں کے خفیہ بھیدوں سے واقف ہے۔ ہمیں اپنے ارد گرد لوگوں کی بجائے اس چیز کی زیادہ فکر ہونی چاہئے کہ اللہ کریم ہمیں ہر حالت میں دیکھ رہا ہے اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ چیز انتہائی نا پسندیدہ ہے ہم کچھ بھی کرتے ہوئے لوگوں کی تو پروا کریں مگر اس کی پروا نہ کریں کہ ہمارارب بھی ہمیں دیکھ رہا ہے۔ آج ہم اس عقیدے کو مضبوطی سے تھام لیں تو نہ صرف ہمارے معاملات درست ہوتے چلے جائیں گے بلکہ ربِ رحمان کی مدد بھی ہمارے شاملِ حال ہو جائیگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث ِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا آج بانیِ پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ہم انہیں سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی انتھک محنت اور لگن سے ہمارا پیارا وطن معرضِ وجود میں آیا۔ پاکستان اللہ کریم اور اس کے پیارے حبیب کی عطا اور انعام ہے اور تا قیامِ قیامت انشا اللہ تعالیٰ قائم و باقی رہے گا۔ حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں ربِ رحمان کی رحمت سے نا امیدی نہیں اور نہ ہی ہمیں وطنِ عزیزکے متعلق مایوسی اور نا امیدی کی بات کرنی چاہئے۔ محفل سے قاری محمد سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے بانیِ پاکستان حضرت قائداعظم کے درجات کی بلندی،وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی،ترقی، افواجِ پاکستان کو سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین نے لئے خصوصی دعا کی۔
پیر نقیب الرحمن

ای پیپر-دی نیشن