iپی ڈی ایم‘ پی ٹی آئی کی سیاست دشمن کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی اےم اور پی ٹی آئی کی سےاست ملک کے لےے دشمن کے اےٹم بم سے زےادہ خطرناک ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک سکے کے دو رخ ہیں، دونوں عالمی استعمار کے ایجنٹ ہیں۔ ان نا اہل افراد کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے عوام کو غلام بنایا۔ غریب، غریب تر اور امیر، امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ موجودہ، سابق حکمرانوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار و فرمودات سے بے وفائی کی اور ملک کے اسلامی نظریے، آئین، جغرافیے کے ساتھ غداری کی ہے۔ یہ وہ پاکستان نہیں جو 1947 میں محمد علی جناح کی ولولہ انگےز لازوال جدو جہد کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر معرض و جود میں آیا تھا۔ بد قسمتی کے ساتھ جتنے بھی حکمران آئے ملک بد حالی کی طرف گےا۔ سب آزمائے جا چکے اب صرف جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ووٹ کی طاقت سے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کر کے اسلام کا بہترین نظام لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم، پروفیسر محمد ابرہیم اور ضلعی امیر غلام رسول نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا اسی نام نہاد جمہوریت کے علمبردار ہونے کا دعوی کرنے والے حکمرانوں نے اپنے اقتدار کو ناجائز طریقے سے حاصل کرنے کے لیے ملک کو دو لخت کر دیا لیکن پھر بھی اس ملک کے خیر خواہ ہونے کا دعوی کرتے ہوئے انہیں شرم تک محسوس نہیں ہوتی ہے۔ سودی معیشت کا خاتمہ، یکساں حقوق کا نفاذ کر کے عوام کو ان کی حقیقی خوشیاں دیں گے۔ قوم اب جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور آئندہ انتخابات میں ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ ہم نوجوانوں کو روزگار، ان کے لیے تعلیمی و بے روزگاری الاو¿نس، زرعی زمینیں الاٹ کریں گے۔ بیواﺅں، یتیموں، بوڑھوں کو بڑھاپا الاﺅنس، بے جا ٹیکس کا خاتمہ، زکوة و عشرکا نظام نافذ کریں گے۔
سراج الحق