• news

نائب ازبک وزیر اعظم کا دورہ پاکستان،9ایم اویوز دستخط


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 9 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیر تجارت نے ازبک نائب وزیراعظم کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔ افغانستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے، تجارتی نمائش منعقد کرانا، ای کامرس تعاون کیلئے حکمت عملی طے کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کا ہدف ایک ارب ڈالرز تک بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ ازبک نائب وزیراعظم سے مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ اس معاہدے پر یکم فروری سے عملدرآمد ہو جائے گا جبکہ پاک ازبک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے لیے بھی جنوری کے آخر تک عملدرآمد کا فیصلہ ہوا ہے۔ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے مشترکہ اجلاس کا ایک فورم بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان نے کراچی اور گوادر پورٹ کے گودام کی سہولت طلب کی ہیں جس کے لیے انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ٹرانس افغان ریلویز پر بھی اجلاس متوقع ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے پاکستان پہنچنے پر ان کا استقبال کیا اور پاکستان آمد پر ازبک نائب وزیراعظم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وسیع تر معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ ایم او یوز پر وزیر تجارت نوید قمر اور ازبک نائب وزیراعظم نے دستخط کیے۔ ازبک وفد وزیراعظم سے بھی ملاقات کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن