• news

گیس انفراسٹرکچر سیس کے 447 ارب بقایا،پائی پائی وصول کریں گے: اسحاق ڈار 


اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اور ریونیو محمد اسحاق ڈار نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو مختلف اداروں سے سیس وصول کرنے والوں کی واجب الادرقوم سے آگاہ کیا گیا اور اس سلسلے میں جی آئی ڈی سی ایکٹس اور سپریم کورٹ کے حکم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 447 ارب روپے اب بھی واجب الادا ہیں اور انہیں وصول کرنے کی ضرورت ہے اور مختلف عدالتوں میں 3194 درخواستیں ہیں۔ اجلاس میں عدالت کے فیصلوں اور حکم امتناعی کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ وزیر خزانہ نے سیس کے واجبات کی عدم وصولی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی مد میں نادہندگان سے ایک ایک پائی وصول کرنے کے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ اگلی میٹنگ میں ہر شعبہ جات میں جی آئی ڈی سی کے بقایا جات کی تازہ ترین صورت حال کے اعدادوشمار فراہم کریں۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے روز ویلٹ ہوٹل لیز پر دینے کیلئے مالیاتی مشیر کی تقرری کی ہدایت کر دی۔ ایس ایم ای نجکاری فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری کا معاملہ وزارت قانون کو بھیج دیا گیا۔ اسحاق ڈار سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان، افغانستان، ازبکستان تا ریل لنک، برآمدات، درآمدات کی سہولیات بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اسحاق ڈار 

ای پیپر-دی نیشن