فیم پبلیکن کپ: میزبان پبلیکن بحریہ اکیڈمی کا سفر بھی تمام
لاہور (سپورٹس رپورٹر)فیم فٹ بال کلب ماڈل ٹاون کے زیر اہتمام جاری ’’فیم پبلیکن کپ2022‘‘کے دوسرے مرحلے میں مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ گڑھی شاہیو یونائیٹڈ اور شہباز ایف سی نے اپنے اپنے میچز جیت لئے جبکہ میزبان پبلیکن فٹ بال کلب اور بحریہ ٹاؤن فٹ بال اکیڈمی ایونٹ سے باہر ہوگئے۔فیم کلب ماڈل ٹاون کی مصنوعی روشنیوں میں گزشتہ رات کھیلے گئے پہلے میچ میں گڑھی شاہیو یونائیٹڈ نے پبلیکن فٹ بال کلب کو دو صفر سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ جی ایس یونائیٹڈ کے لئے نوید اور عدنان نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ دوسرے میچ میں بحریہ ٹائون فٹ بال اکیڈمی اور شہباز ایف سی کے مابین کانٹے کی ٹکر دیکھنے میں آئی تاہم شہباز ایف سی نے اعصام کے واحد گول کی بدولت فتح حاصل کی۔ بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی کے کوچ سلیم احمد خان کا میچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ شہباز ایف سی نے اچھا کھیل پیش کیا انہیں مبارکباد مگر بحریہ ٹیم کو گول کرنے کے کئی ایک یقینی مواقع میسر آئے مگر ہم اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ فیم پبلیکن کپ کے چیف آرگنائزر ضیاء عارف ڈوگر کے مطابق ایونٹ کے تیسرے مرحلے میں مزید دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔ امید ہے ٹیمیں فٹ بال کے فروغ کے لئے نظم و ضبط کا خیال رکھتے ہوئے کامیابی کے مراحل طے کریں گی۔