• news

کسٹم میں اضافہ، لنڈے کے 300 کنٹینر بندرگاہ پر پھنس گئے 


  کراچی (نوائے وقت رپورٹ) لنڈا ملبوسات پر کسٹمز ویلیوایشن بڑھنے سے بندرگاہ پر 300 کنٹینرز پھنس گئے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سیکنڈ ہینڈ کلاتھنگ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عثمان فاروقی نے کہا کہ  لنڈا ملبوسات پر فی کلو ویلیوایشن 27روپے سے بڑھاکر 72روپے ہوگئی ہے۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر اور مہنگائی کے باوجود ویلیوایشن بڑھادی گئی۔ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ وہ اس ضمن میں نوٹس لیں۔ عثمان فاروقی نے بتایا کہ موجودہ دور میں ویلیوایشن 36سینٹ سے بڑھا کر 1ڈالر کردی گئی ہے، اس اضافے سے پرانے ملبوسات 300 فیصد تک مہنگے ہوکر غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بندرگاہ پر رکے ہوئے فی کنٹینر پر یومیہ 40 ہزار روپے ڈیٹینشن چارجز عائد ہورہے ہیں، ملک میں امریکا اور یورپ سے 100 ملین ڈالر کی سالانہ سیکنڈ ہینڈ کلاتھنگ درآمد ہوتی ہے۔ فی الوقت 12لاکھ ڈالر کے کنسائمنٹس پورٹ پر کلیئرنس کے منتظر ہیں، پرانے ملبوسات کے سابقہ ویلیوایشن ریٹ بحال کئے جائیں ورنہ کاروبار بالکل نہیں رہے گا۔
لنڈا، کنٹینر

ای پیپر-دی نیشن