• news

بے نظیر بہادری کی مثال،جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی: مریم اورنگزیب


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں۔ انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرات سے نبھائے۔ بےنظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں۔ وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسرپیکار رہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے لیکن مشکلات ان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید طاقتور اور توانا بناتی گئیں۔ آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی بہتری کے لئے بے نظیر بھٹو شہید کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، ان کی شہادت پاکستان کا بہت بڑا نقصان تھا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی۔ آج کے دن سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ”پاکستان کھپے“ کا نعرہ لگا کر پاکستان کے اتحاد کو مزید مضبوط بنایا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بے نظیر بھٹو کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
 وزیر اطلاعات

ای پیپر-دی نیشن