خطباء اْمت بد عملی کے حملوں سے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں، اشرف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ خطباء اْمت مسلمہ کو بد اعتقادی اور بد عملی کے حملوں سے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ خطباء کے پاس جو میڈیا ہے، اس کا متبادل کسی حکومت یا کسی تہذیب میں موجود نہیں۔ خطباء کی اصلاح کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کا فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ علامہ فرمان علی حیدری کی قیادت میں خطباء کنونشن کی دعوتی کمیٹی کے اراکین علامہ محمد صدیق مصحفی، علامہ محمد فیاض وٹو، علامہ محمد رضاء المصطفیٰ رازی، علامہ محمد حامد مصطفی جلالی، علامہ محمد کامران جلالی، علامہ محمد مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ محمد طلحہ احسن جلالی نے لاہور میں بالخصوص اور دیگر اضلاع میں بالعموم ’’خطباء کنونشن‘‘ کے سلسلے میں رابطے مکمل کر لیے ہیں۔ ’’خطباء کنونشن‘‘ میں ملک بھر سے ہزاروں خطباء کی شرکت متوقع ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ’’خطباء کنونشن‘‘ میں خصوصی مقالہ پیش کریں گے۔