جین مت کے بھارتی پیروکاروں نے بھی پاکستانی ویزے مانگ لئے
لاہور(خصوصی نامہ نگار)ورلڈ جین مسلم انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے صدر سنیل جین اہلیہ و دیگر کے ہمراہ کرتار پورآئے ۔ سنیل جین نے گورودوارہ دربار صاحب پر حاضری دی، لنگر خانہ سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیااور کرتار پور انتظامیہ کی جانب سے بھارت سے آنے والے یاتریوں کے استقبال ، سیکورٹی انتظامات اور مجموعی طور پر فراہم کی گئی سہولیات کو سراہا۔ سنیل جین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے درخواست ہے وہ سکھ اور ہندو یاتریوں کی طرح جین مت کے پیروکاروں کو پاکستان آنے کے لئے ویزے جاری کرنے کی منظوری دیں،ہمارے آباو اجداد کی یادیں پاکستان سے وابستہ ہیں،میڈیا کی وساطت سے علم ہوا جین مندر لاہور اور گوجرانوالہ کی از سر نو بحالی و تزئین و آرائش کی جا رہی ہے،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی غرض سے کئے جانے والے اس اقدام پر سپریم کورٹ ، حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مشکور ہیں۔ سنیل جین نے کہا جینیز کا شماربھی بھارتی اقلیتوں میں ہوتا ہے، ہمیں بھی سال میں دو بار گروپس کی صورت میں پاکستان یاترا کے ویزے جاری کئے جائیں۔