اوگرا نے کس قانون کے تحت ایل پی جی پلانٹ کیلئے این او سی جاری کیا: سپریم کورٹ
لاہور (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ میں رہائشی علاقے میں ایل پی جی سٹوریج پلانٹ کی تنصیب کے خلاف اپیل کی سماعت میں ا وگرا کے ذمہ دار افسر کو 28دسمبر کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے لاہور رجسٹری میں کیس پر سماعت کی۔ فاضل عدالت نے دوران کیس کی سماعت میں استفسار کیا کہ اوگرا نے کس قانون کے تحت این اوسی جاری کیا۔ قانون میں واضح ہے کہ رہائشی علاقے میں ایک سو میٹر تک یہ پلانٹ نہیں لگ سکتا اوگرا نے اپنا کام پوری طرح سے سرانجام نہیں دیا۔ عدالت جاننا چاہتی ہے جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ انڈسٹریل ایریا میں اس قانون کا اطلاق نہیں ہوتا، جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ معاملہ تو ایسے علاقے سے متعلق ہے جہاں گھر، کمرشل بلڈنگز اور کھیت موجود ہیں۔