بینظیر کی 15 ویں برسی منائی گئی‘ تقریبات‘ جائے شہادت پر فاتحہ خوانی
راولپنڈی (محبوب صابر سے + جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی ملک بھر سمیت راولپنڈی میں بھی تقریباًت کا سلسلہ جاری رہا۔ مرکزی تقریب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی جائے شہادت پر منعقد کی گئی۔ تقریب کا جب آغاز ہوا تو جیالے بڑی تعداد میں شرکت کے لئے پہنچے۔ پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے بازی جاری، پینا فلیکس آویزاںکیئے گئے تھے، لیاقت باغ میں جائے شہادت پر پیر کی رات سے ہی پارٹی کارکنوں کا تانتا بندھا رہا جبکہ منگل کی صبح کا آغاز نماز فجرکے بعد جائے شہادت پر قرآن خوانی سے کیا گیا۔ رہنماؤں‘ کارکنوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ سٹیج پر جانے کیلئے جیالوں کی آپس میں معمولی تکرار ہو تی رہی، فوارہ چوک‘ راجہ بازار کے علاقوں میں بھی شدید ٹریفک جام رہی۔ تقریب کے آخر میں کارکنوںمیں بھٹو لنگر تقسیم کیا گیا۔ کارکنان نے خون کے عطیات بھی دیئے۔ پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے زیر اہتمام صدر پی پی پی راولپنڈی سٹی راجہ کامران حسین کی زیر صدارت جائے شہادت بینظیر بھٹو لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ ایم ڈی بیت المال ملک فدا پراچہ و دیگر مقررین نے کہا کہ جو وعدے بی بی شہید نے اپنے آخری خطاب میں کئے تھے کارکنوں کے ساتھ ملکر پورے کریں گے۔ پی پی پی نے جب کوئی وعدہ کیا چاہے وہ مخالفین سے کوئی وعدہ کیا وہ نبھایا، ہم نے میثاق جمہوریت کا وعدہ بھی پورا کیا، لوٹے گھر واپس آگئے تو ہم انہیں صبح کا بھولا ہوا سمجھ کر معاف کریں گے۔ آنے والے الیکشن میں راولپنڈی کو پی پی پی کا گڑھ ثابت کریں گے۔