عمران نے ترقی کرتی معیشت کو تباہ کیا‘ بے نقاب کر کے سزا ملنی چاہئے: جاوید لطیف
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جنہوں نے ملک کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا، انہیں بے نقاب کیا جانا اوران کو اس کی سزا ملنی چاہیے۔2018 ء جب ملکی معیشت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھی اور ملک ترقی کی منازل طے کر رہا تھا اس وقت ملک پر عمران خان کو مسلط کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس! عمران خان کے تین سالہ دور اقتدار میں متحرک معیشت کو ڈبو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی راہ ہموار کرنے کے لیے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس بات پر بے حد پریشان ہیں کہ اس سب کے باوجود عمران خان کو سہولت دی جا رہی ہے۔