لاہور کے حسن کو مزید نکھارنے کیلئے اینٹی لٹرنگ سکواڈ کا افتتاح
لاہور(خبرنگار)سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی علی عنان قمر نے صوبائی دارالحکومت پنجاب لاہور کے حسن کو مزید نکھارنے اور بے مثال صفائی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اینٹی لٹرنگ سکواڈ کا افتتاح کر دیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی علی عنان قمر نے انٹی لٹرنگ سکواڈ کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جی پی او چوک، نقی مارکیٹ، دولہا مارکیٹ، پینو راما سنٹر، الیکٹرونکس مارکیٹ کو لٹرنگ فری بنایا جا رہا ہے۔پہلے مرحلے میں انٹی لٹرنگ سکواڈ مال روڈ اور کینال روڈ پر کام کرے گا۔انٹی لٹرنگ سکواڈ گرین بیلٹ، روڈ سائیڈ سے شاپر، ریپرز اکٹھے کرے گا۔اینٹی لٹرنگ سکواڈ روڈ سائیڈ سے اٹھایا گیا کوڑا الگ الگ ڈبوں میں اکٹھا کرے گا۔انٹی لٹرنگ سکواڈ کا مقصد لوگوں میں لٹرنگ کے حوالے سے آگاہی پھیلانا بھی ہے۔روڈ پر کوڑا، ریپرز پھینکنے والوں کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جرمانے بھی کیے جائیں گے۔ مزید براں شہر کے 39پوائنٹس پر تھری بن سسٹم انسٹال کر دیا گیا۔لبرٹی مارکیٹ، برکت مارکیٹ، مین مارکیٹ، جی ون مارکیٹ، سمن آباد مون مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، شالیمار لنک روڈ، جی ٹی روڈ، پر بھی تھری بن سسٹم لگا دیا گیا۔