پولیس کا اصل کام فیلڈ میں ہے، دفاتر سے نکل کر جرائم کنٹرول کریں:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پولیس کا اصل کام دفاتر میں نہیں بلکہ فیلڈ میں ہے۔ دفاتر سے نکل کر جرائم کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کریں۔جو آفیسر کام نہیں کرے گا اس سے فوری جواب طلبی کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ پر صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپیشل ایکشن پلان ترتیب دینے کا حکم دیا۔ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اورون ویلنگ میں ملوث عادی نوجوانوں کے والدین سے قبل از وقت شورٹی بونڈز لئے جائیں۔ شاہرات پر غیر قانون سرگرمیوں میں ملوث قانون شکنوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دوران اجلاس رواں برس صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کے اعدادو شمارکا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ آتش گیر مادے، زہریلی شراب سمیت دیگر منشیات کی تیاری، خریدوفروخت اوراستعمال پر سخت ایکشن لیا جائے اور مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، تما م ریجن کے آر پی اوز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔