• news

ویمنز کرکٹ کو تقویت دینی چاہئے ‘پشاور ریڈ لائن نہیں ‘ایشیا کپ کیلئے کونسل میںبات کرینگے ‘حکومتی تجاویز پر عمل کرینگے : چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی

 
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈکی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بورڈ کو جارح شاہد آفریدی کی ضرورت ہے ۔ سرفراز احمد نے کراچی ٹیسٹ میں  شمولیت کا فیصلہ درست ثابت کروایا۔ پچھلے بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائز کے معاملات ٹھیک نہیں تھے،  فرنچائز  مالکان اور ذمہ داران سے ملاقات کروں گا، چاہتا ہوں پی ایس ایل کی ٹیموں میں اضافہ ہو، پاکستان سپر لیگ میں 7سے 8ٹیمیں ہوں تو بہتر رہے گا، تاہم فرنچائز مالکان نہیں چاہتے کہ پی ایس ایل کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافہ ہو۔ عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور ہمیشہ فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہیں، شاہد آفریدی کی کرکٹ بورڈ میں ضرورت ہے۔ ہم سرفراز کو پاکستان ٹیم میں واپس لائے، انہوں نے اچھی کارکردگی سے ثابت کیا کہ ان کا انتخاب درست تھا۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک فاسٹ بائولر انجرڈ ہے لیکن ٹیم مینجمنٹ مان نہیں رہی تھی، ہم اس کے متبادل کی حیثیت سے بائیں بازو کے فاسٹ بائولر میر حمزہ کو لائے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ملک میں ویمن کرکٹ کو اہمیت نہیں دی گئی، ہمیں اسے تقویت دینی ہے، ویمنز لیگ کے بارے میں سوچنا ہے، ہم بھی ماڈرن لوگ ہیں ویمنز لیگ کروا سکتے ہیں، پاکستان ویمن ٹیم کیلئے غیر ملکی کیوی کوچ مارک کولز کو واپس لا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کوچز غیر ملکی ہوں تاکہ سفارشیں نہ چلیں۔ کوئٹہ کا بگٹی سٹیڈیم پی ایس ایل کیلئے تیار نہیں، اس کیلئے وقت درکار ہے، کوئٹہ میں ایونٹ کروانے کیلئے سکیورٹی مسائل بھی درپیش ہیں، کہا گیا کہ پشاور میں ریڈ لائن ہے، میں کہتا ہوں وہاں کوئی ایسا مسئلہ نہیں، پی ایس ایل کو پورے پاکستان میں لے جانا ہوگا، کرکٹ صرف کراچی اور لاہور محدود نہیں رکھنا چاہتے۔ کوئی ایسا اقدام نہیں کریں گے جس سے وہ کرکٹ کی باقی دنیا سے الگ تھلگ ہوجائیں۔ وہ ایشیا کپ 2022ء کے بارے میں ایشیا کرکٹ کونسل سے بات کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ ان کیلئے کیا بہتر ہے۔ حکومت ہمیں جو بھی تجویز کرے گی ہم اسے مانیں گے اور وقت آنے پر ہم حکومت سے مشورہ لیں گے، جیسا کہ پچھلی بار میں چیئرمین کی حیثیت سے کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن