اسلام آباد ہائیکورٹ، نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت واپس کئے گئے ریفرنسز کی تفصیلات طلب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت نیب کو واپس کیے گئے ریفرنسز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ نیب کے مختلف ریفرنس کے مستقبل کے حوالے سے نیب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے نوٹس جاری کیے۔ کیسز کی تفصیلات جاننے کے لیے نیب کے تفتیشی افسران کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا گیا۔ نیب نے نئے قانون کے بعد احتساب عدالت سے واپس بھجوائے گئے ریفرنسز کے مستقبل سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے، واپس بھجوائے گئے ریفرنسز میں نامزد ملزمان نے بھی متفرق درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔