ٹیکنو کریٹ حکومت کا پیغام نہیں ملا،مسائل کا حل الیکشن نہیں میثاق معیشت:رانا ثنا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر داخلہ راناءثناءاللہ نے کہا ہے کہ اڑھائی سال کیلئے ٹیکنو کریٹس حکومت کا کوئی پیغام نہیں ملا۔ مسائل کا حل الیکشن نہیں میثاق معیشت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا موقف ہے ملک آئین کے مطابق چلنا چاہئے۔ ماضی کی غیر آئینی مداخلت کی وجہ سے موجودہ مشکلات درپیش ہیں۔ عمران باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہونے والا ہے۔ پہلے ٹیکنو کریٹس آتے رہے ہیں لیکن اب جو ہوگا وہ آئین کے مطابق ہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ نے پوری قوم سے کمٹمنٹ کی ہے کہ وہ غیر سیاسی رہے گی۔ ہو سکتا ہے سہولت کاری سے متعلق بلاول کے پاس کوئی معلومات ہوں۔ پرویز الٰہی خود کہتے ہیں 99 فیصد لوگ اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتے۔ بطور ادارہ عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ پر الزام نہیں لگا سکتے۔ اکا دکا کوئی ہو سکتا ہے۔ معاشی حالات پر اسحاق ڈار فکر مند ہیں اور کوشش بھی کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا جب تک ملکی سیاست میں عمران خان کا وجود ہے تو لڑائی ختم نہیں ہو سکتی، پنجاب اسمبلی کوئی کھیل تماشا نہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے خودکش حملے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں خود کش حملہ کرنے والے کے پیچھے بہت بڑا نیٹ ورک نہیں تھا، یہ لوگ کرم ایجنسی سے آئے، ٹیکسی کرائے پر لی گئی تھی، ٹیکسی ڈرائیور اس واقعے میں ملوث نہیں تھا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہینڈلرز نے حملہ آور کو اسلام آباد پہنچایا، ہدف تھا اسلام آباد میں جہاں کچھ لوگ اکھٹے ہوں یا کسی آفس کے سامنے حملہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلحے سے بھری گاڑی والی بات درست نہیں تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ اسلام آباد دہشت گرد حملے کے ملزمان گرفتار کرلیے جبکہ سہولت کاروں کو بھی پکڑ لیا ہے۔
رانا ثناء