عوامی بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹ برداشت نہیں،بھرتیوںکیلئے کارروائی جلد مکمل کی جائے:پرویز الہیٰ
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری نیت نیک ہے، دین کے ساتھ اللہ کی مخلوق کی بھی خدمت کررہے ہیں۔ قوم کے بچوں کو بے راہ روی سے بچا کر صحیح سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔ دین کی تعلیم سے ہی اچھی نسل پروان چڑھے گی۔ نئی جنریشن کی ترجیحات میں دین اولین ہونا چاہیے۔ خاتم النبیین یونیورسٹی کا بل پاس ہو چکا ہے۔ خاتم النبیین یونیورسٹی کا مصر کی الازہر یونیورسٹی سے الحاق کیا جائے گا۔ نیتوں کا پھل اللہ تعالیٰ دیتا ہے۔ وہ 90شاہراہ قائداعظم پر تاجر برادری کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی مضبوطی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہماری حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 20سال کے دوران گجرات میں کوئی کام نہیں کیا۔ شہباز شریف وزیراعظم بن کر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے۔ تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں، انشاء اللہ منصوبے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کم کرکے عوام کی ترقی پر لگا رہے ہیں۔ 100 دنوں میں اتنا کام کیا جو 10سال میں نہیں ہوا۔ پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ایم پی اے حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس تلہ گنگ کیلئے اراضی کی منتقلی کا نوٹیفکیشن ایم پی اے حافظ عمار یاسرکو دیا۔ تلہ گنگ میں محکمہ زراعت کی اراضی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو ڈسٹرکٹ کمپلیکس کیلئے ٹرانسفر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دے کر وعدہ پورا کیا ہے۔ تلہ گنگ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصلہ سازی میں دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے سبقت لیتے ہوئے کم وقت میں تیز ترین کام کا ریکارڈ قائم کردیا۔ صوبائی کابینہ کے7 اجلاسوں میں 371 ایجنڈوں پر فیصلے کرکے سرکاری امور کی انجام دہی کا نیاریکارڈ بن گیا ہے۔ 4 ماہ کی قلیل مدت کے دوران لوکل گورنمنٹ کے 59، ہاو¿سنگ کے 45، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے 42، ریوینو کے 34، فنانس کے 36، سپیشلائزڈہیلتھ کیئر کے 23اورپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے 19ایجنڈا پوائنٹس پر فیصلے کرکے نمٹایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے عوام کی فلا ح وبہبود کیلئے فوری فیصلے کئے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ میٹنگز کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے 4 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا۔ مونس الٰہی اور حسین الٰہی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں نے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر رپورٹس پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں، رکاوٹ برداشت نہیں۔ بھرتیوں کے لئے ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کی جائے۔ محکمہ صحت اور تعلیم کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور بھرتیوں کو ترجیح دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے مختلف محکموں کے لئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چنکارا کے شکار کیلئے غیر ملکی شکاریوں کیلئے آئندہ سیزن میں فیس 25ہزار ڈالر مقرر کی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 850ملین ڈالرکی فارن فنڈنگ سے بڑے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔
پرویز الٰہی