• news

گوادر میں مظاہرین پر کریک ڈاؤن پولیس گردی ہے، ضیاء الدین انصاری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ گوادر کے پرامن مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن پولیس کی دہشتگردی ہے۔ گوادر دھرنامقامی آبادی کے ان کے حقوق کی مانگ تھی جو ہر پاکستانی شہری کا بنیادی حق ہے۔ جماعت اسلامی لاہور گوادر کے پرامن مظاہرین پر پولیس گردی کی پر زور مذمت کرتی ہے۔مرکزی و صوبائی حکومت کے  اس غیر جمہوری اور غیر آئینی ظالمانہ اقدام سے عوام کے حقوق کا دبا نہیں سکتا۔  حکمرانوں کو ہر صورت مظلوم عوام کو روزگار ، کاروبار، عزت اورجائز قانونی حقوق دیناہوں گے۔ گوادر ہو یا لاہور عوام کو ان کا بنیادی  حق ملنا چاہیے۔  جماعت اسلامی کی قیادت  لاٹھی اور گولی کی سرکار اس ملک میں نہیں چلنے دے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر   امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل  پر گوادر کے پرامن مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن کے خلا ف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامرنثار، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ سمیت دیگر قائدین  نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات پر شدید نعرے بازی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن