صوبائی وزیر تحفظ ماحول کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس
لاہور (نیوز رپورٹر )صوبائی وزیر تحفظ ماحول پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام سے متعلق ایک اجلاس کے دوران گرین ایکشن پلان کے نفاذ کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ہے۔ سیکرٹری تحفظ ماحول پنجاب عثمان علی خان، تحریک انصاف کے رہنما راجہ بہروز کمال اور ہائوسنگ ماہرین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گرین ایکشن پلان کے تحت اس بات پر غور کیا گیا کہ لاہور میں زیادہ سے زیادہ پھلدار اور بڑے پتوں والے درخت لگائے جائیں۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر گلبرگ مین بلیوارڈ پر نیم اور پھلدار پودے لگائے جائیں گے کیونکہ نیم کا درخت رات کو بھی آکسیجن پیدا کرتا ہے۔ ؒوزیر تحفظ ماحول پنجاب محمد بشارت راجہ نے تشویش کا اظہار کیا کہ آلودگی پھیلانے والے ممالک میں پاکستان کا نمبر 137 واں ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں ہم اٹھوایں نمبر پر ہیں۔ حالیہ بدترین سیلاب اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی خصوصی منظوری سے پنجاب حکومت نے صنعتی آلودگی پر کنٹرول کے لئے 2 ارب روپے مختص کئے ہیں۔