چین ، کرونا کی نئی لہر نے تباہی مچادی ، ہسپتالوں مردہ خانوں ، قبرستانوں میں جگہ کم پڑگئی
بیجنگ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) چین میں کرونا کی نئی لہر نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتالوں، مردہ خانوں اور قبرستانوں میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کرونا کی نئی لہر نے ہنگامی صورتحال پیدا کر دی۔ یومیہ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث طبی سہولیات کے اداروں پر دباؤ بڑھ گیا اور عملے کی کمی کا سامنا ہے۔ یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث ہسپتالوں اور مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی۔ ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں بھی بستر کم پڑ گئے۔ مریض ایک سے دوسرے ہسپتال کے چکر لگائے جانے پر مجبور ہو گئے۔ چین میں کرونا کی نئی شکل کا ویرینٹ تیزی سے دیگر ممالک میں بھی پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی ممالک چین پر سفری پابندیوں کے قوانین کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں۔ چین میں شدید دباؤ اور احتجاج پر کرونا زیروٹالیرنس پالیسی میں کچھ نرمی کی گئی تھی جس کے بعد اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک دن میں لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ قبرستاں میں انتظام سے منسلک ایک شخص نے عالمی خبر رساں ادارے کے نمائندے کو بتایا کہ اتنی زیادہ تعداد میں اموات ہیں کہ کئی قبرستانوں میں ایک سال تک نئی جگہ ملنے کا امکان نہیں۔ دوسری جانب قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24گھنٹوں کے دوران 3ہزار 488کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 26افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.75فیصد رہی۔ اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ14مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے کرونا ٹیسٹ میں اسلام آباد میں 404ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں پر مثبت کیسز کی شرح 0.25فیصد رہی، لاہور میں 756 ٹیسٹوں میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت اور شرح 0.13فیصد رہی جبکہ پشاور میں 363ٹیسٹوں میں 4 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں پر مثبت کیسز کی شرح 1.10فیصد رہی۔