کراچی: فائرنگ سے متحدہ لندن گروپ کا کارکن جاں بحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا حسین آباد میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ واقعہ فیڈرل بی ایریا کے علاقے حسین آباد بلاک 3 میں پیش آیا۔ جاں بحق شخص کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ اس کا تعلق ایک سیاسی جماعت کے لندن گروپ سے تھا اور اس کی شناخت 50 سالہ شہزاد عرف سونی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعہ میں فہیم عرف باجرا نامی شہری زخمی بھی ہوا ہے جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سینٹرل معروف عثمان کے مطابق مقتول حسین آباد میں اپنے دوست کی دکان پر آیا کرتا تھا، حسب معمول وہ بدھ کی شام دکان پر بیٹھا تھا کہ پیدل آئے دو افراد نے نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزموں نے فرار ہوتے وقت ہوائی فائرنگ بھی کی۔