• news

حکمرانوں  نے کرپشن کو پروان چڑھایا، خزانہ، توشہ خانہ سب نے لوٹا: سراج الحق 


لاہور؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استعمار کے وفادار قومی سیاست اور معیشت پر قابض، حکمران جماعتوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی احتساب کی مخالف ہیں، حکمرانوں نے کرپشن کو پروان چڑھایا، خزانہ اور توشہ خانہ کو سب نے لوٹا۔ حکمرانوں کی دولت، جائیدادیں، کاروبار اور اولاد باہر خود یہاں صرف اقتدار کے لیے ہیں۔ لاکھوں نوجوان حالات سے مایوس روزگار کی تلاش کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں، حکمرانوں کو رتی برابر پروا نہیں۔ سوا تین کروڑ متاثرین سیلاب کی کوئی خبرگیری نہیں ہوئی، سرکاری اور عالمی امداد کہاں گئی، کسی کو معلوم نہیں۔ ٹرائیکا آئندہ سو سال بھی حکمران رہا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، فرسودہ نظام اور اس کے محافظوں سے نجات حاصل کرناہو گی، پاکستان کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔ کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ وہ منصورہ میں جامعہ محصنات کے اساتذہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ امیر جماعت کی اپیل پر ملک کے صوبائی ہیڈکوارٹرز میں گوادر مظاہرین پر پولیس کریک ڈائون، تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے، جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں محرومیوں کا احساس شدت اختیار کر رہا ہے اور یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔ گوادر کے رہائشی طویل عرصہ سے اپنے جائز حقوق مانگ رہے ہیں۔ ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے تحت گزشتہ کئی ماہ سے دھرنا جاری رہے، بیچ میں حکومت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے، مگر معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ امیر جماعت نے کہا کہ سودی معیشت اور کرپشن ختم ہو جائے تو ملک معاشی دلدل سے باہرنکل آئے گا، مگر حکمران طبقہ کی نیت ٹھیک نہیں، یہ سود کے خاتمہ کے لیے تیار ہیں نہ احتساب کے نظام کو موثر بنانا چاہتے ہیں۔ ملک میں صرف مافیاز کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے غریب فاقوں پر مجبور ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزمائے ہوئے حکمران تبدیلی نہیں لا سکتے، ان کے دعوے جھوٹے ہیں، یہ ایکسپوز ہو گئے، عوام انھیں مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

ای پیپر-دی نیشن