پاک چین دوستی کا فروغ،ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ نظامی سمیت17شخصیات کیلئے ایوارڈ
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) لاہور میں چینی قونصل خانے کی طرف سے پاک چین دوستی کے تناظر میں سٹیک ہولڈرز کی خوبیوں اور شراکت و نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں سے 17 بہترین شخصیات اور 4 اداروں کو فرینڈشپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ چینی قونصل جنرل ژاو¿ شیریں نے جن سرکردہ شخصیات کو ایوارڈز دیئے ان میں نوائے وقت گروپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری سمیت مختلف شخصیات شامل ہیں۔ نوائے وقت گروپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے شرکت اور ایوارڈ وصول کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے رمیزہ مجید نظامی کو ایوارڈ سے نوازنے پر چینی قونصلیٹ لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ چینی قونصلیٹ گزشتہ سال بھی متعدد شخصیات کو پاک چین دوستی ایوارڈز سے نواز چکا ہے۔ چینی قونصل جنرل ژاو¿ شیریں نے کہا کہ 2022ءمیں چینی بیانیہ کو فروغ، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو بڑھانے کے لیے کی گئی شاندار کوششوںکے لئے چین کی طرف سے شکریہ ادا کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کا اپنا پہلا کامیاب دورہ کیا، سی پیک منصوبے اس کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں نئی رفتار حاصل کر رہے ہیں۔ اگرچہ ہمارے دونوں ممالک ملکی اور بین الاقوامی دونوں محاذوں پر طرح طرح کی مشکلات، چیلنجز اور مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور ان سے نبردآزما ہیں لیکن ہمارے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں لاہور میں چین کے قونصلیٹ جنرل نے بھی چین اور پنجاب کے درمیان باہمی اعتماد، کاروباری تعاون، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے فروغ کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں۔ میری ٹیم بہت محنت کر رہی ہے اور ان کی کارکردگی مثالی ہے۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ یہ سب کچھ آپ، ہمارے پاکستانی دوستوں، میڈیا ہاو¿سز، تھنک ٹینکس، یونیورسٹیز، بزنس چیمبرز، پبلک اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھائیوں اور بہنوں کی قدر و قیمت کی سمجھ، تعاون اور کوششوں کے بغیر ناممکن تھا۔ پاکستانی لاہور میں چین کے قونصلیٹ جنرل و چینی عوام کے دوست اور پاکستان، چین کی دیرینہ دوستی کا انمول اثاثہ ہیں۔ ہم ایک نئے سال کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ 2023ءچینی قمری کیلنڈر میں خرگوش کا سال۔ خرگوش، سائز میں چھوٹا لیکن عمل میں چست ہے۔ چینی ثقافت میں خرگوش متحرک اور عظیم عزائم کی علامت ہے۔ لہٰذا سال 2023ءہمارے دونوں ممالک اور عوام کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم لمحہ کی نشان دہی کرتا ہے اور ہمارا تعاون بھی زیادہ متحرک، لچکدار، پائیدار ہونا چاہیے اور ہماری باہمی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک نئی بلندی حاصل کرنا چاہیے۔ 8 جنوری سے بین الاقوامی مسافروں کے لئے چین میں داخلے پر لازمی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی، مسافر کی روانگی سے 48 گھنٹوں کے اندر نیگٹیو پی سی آر ٹیسٹ دیا جائے گا۔ اگلے سال چین ایک بار پھر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پر تیسرے بین الاقوامی فورم کی میزبانی کرے گا۔
ایوارڈ