پارلیمنٹ آئیں، مل کر نیب، الیکشن اصلاحات کریں، فیصل کنڈی کی عمران کو دعوت
لاہور (نامہ نگار) وزیر اعظم کے مشیر برائے تخیف غربت و سماجی بہبود فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ آئین اور اپنے قواعد کے مطابق چلے گی۔ آپ کی خواہش پر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کنڈی نے عمران خان کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں پارلیمنٹ میں مل کر نیب اور الیکشن اصلاحات کریں۔ آپ نے سیاسی قیادت کو جیل میں ڈالا۔ ہم نیب کے سیاسی استعمال کے خلاف ہیں۔ پیپلز پارٹی اور اس کے کارکن ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ استعفے منظور کرنے کا ایک طریقہ کار ہے۔ ہم عدم اعتماد لائے تو ہیں، اگر پنجاب میں ان کے نمبرز پورے ہوتے تو اعتماد کا ووٹ لیتے۔ اگر دس سیٹوں والا وزیر اعلی بن سکتا ہے تو 7سیٹوں والا کیوں نہیں۔ پاکستانی معیشت بہت مشکل ٹاسک ہے جسے ٹھیک کر رہے ہیں۔ 2008 اور آج کے کے پی کے میں امن و امان کی صورتحال میں بہت فرق ہے۔ صوبہ کے پی کا وزیر اعلی ناقص امن کے باعث اپنے گھر نہیں جا سکتا کیونکہ خیبر پی کے کی آدھی سے زیادہ پولیس پی ٹی آئی والوں کے ساتھ پھر رہی ہے۔ خان صاحب نے چین، امریکہ اور دیگر ممالک کیساتھ تعلقات خراب کئے۔ قبل ازیں انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈائینامک سروے 15جنوری سے شروع کر رہے ہیں۔ گزشتہ حکومت نے آٹھ سے 9لاکھ کارڈ بند کر دئیے تھے۔ ان کی اکثریت بحال کر رہے ہیں۔ فراڈئیے جعلی فارم لیکر پھر رہے ہیں، ان سے خبردار رہیں۔ خان صاحب متاثرین سیلاب آ پ کے 15ارب روپے کی امداد کے منتظر ہیں۔ سیلاب متاثرین میں سے 98فیصد کو امداد پہنچ چکی ہے۔ تحصیل سطح پر بی آئی ایس پی سے فوائد حاصل کرنے والوں کی تعلیم یافتہ اولاد کو نوکری دیںگے۔
فیصل کنڈی