سرما کی پہلی بارش، سردی بڑھ گئی ، لاہور : حادثات ، ڈاکٹر اور بچے سمیت 3جاں بحق، 40زخمی
لاہور؍ اسلام آباد؍ چنیوٹ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی+ این این آئی) پنجاب، بلوچستان، خیبر پی کے اور سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ موسم سرما کے بادلوں نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بسیرا کر لیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری رہی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور میں بارش سے پھسلن، فوگ اور سموگ کے باعث مختلف حادثات میں 40 سے زائد افراد زخمی اور 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔فیروز پور روڈ پر اور دیگر علاقوں میں مختلف حادثات پیش آئے۔ ایک اور حادثے میں چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر نعمان بھی جاں بحق ہو گئے ہیں، گلاب دیوی ہسپتال کے قریب موٹر سائیکل پھسل کر ٹرالر کے نیچے آگئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ مناواں تھانہ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے 12 سالہ ابوبکر بچے کو کچل دیا۔ 12سالہ بچہ روڈ کراس کر رہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ بارہ سالہ بچے کی شناخت ابوبکر ولد عاصم کے نام سے ہوئی۔ مغل پورہ کے علاقہ میں متعدد موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ 15مردو خواتین معمولی زخمی ہوئے۔ دھند میں کمی آئی ہے۔ چناب نگر و گردونواح میںبارش کی وجہ سے پھسلن و دیگر حادثات میں خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کی وجہ سے ٹرین آپریشن بدستور متاثر رہا جس کی وجہ سے متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔