آنگ سانگ سوچی کو ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر مزید 7 سال قید کی سزا
ینگون (نوائے وقت رپورٹ) میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے غلط استعمال پر مزید 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق میانمار کی نوبل انعام یافتہ رہنما آنگ سانگ سوچی کو عہدے ہٹنے کے باوجود سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر مزید 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ میانمار کی 77 سالہ رہنما آنگ سانگ سوچی کی حکومت کو گزشتہ سال برطرف کردیا گیا تھا۔ سوچی پر کرپشن کے متعدد مقدمات ہیں جن میں انہیں مجموعی طور پر 33 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ آنگ سانگ سوچی کے خاندان والوں اور حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فوجی حکومت اس طرح کی سزائیں دے کر سوچی کو آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا چاہتی ہے۔ میانمار کی رہنما آنگ سانگ سوچی گزشتہ سال فوجی بغاوت کے بعد سے جیل میں ہیں۔