ڈبلیو ایچ او کے وفد کا فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی ، سر گنگا رام ہسپتال کا دورہ
لاہور(نیوز رپورٹر)ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا جو ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ ہیں کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )کے وفد نے فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی، سر گنگا رام ہسپتال کا دورہ کیا اور فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ میں نوزائیدہ بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ ڈاکٹر جمشید احمد ہیڈ آف آفس ڈبلیو ایچ او پنجاب، ڈاکٹر عبدناصر پی ای آئی ٹیم لیڈ پنجاب، ڈاکٹر محمد عمران قریشی نیشنل پروفیشنل آفیسر ای پی آئی ڈبلیو ایچ او پنجاب، ڈاکٹر فیا ض بٹ ڈبلیو ایچ او کے ڈویڑنل ای پی آئی آفیسر لاہور ڈویژن، ڈاکٹر عاطف جاوید ڈبلیو ایچ او کنسلٹنٹ برائیکوویڈ -19اور ڈاکٹر احتشام الحق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ای پی آئی پنجاب بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وفدکا استقبال کیااور فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی کے حوالہ سے جاری منصوبہ جات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی تعلیمی، تدریسی اور تحقیقی میدان میں بہترین کارکردگی کے ساتھ کامیابی کی طرف رواں دواں ہے۔