ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد اور اسلام کی شہ رگ ہے:مقررین
لاہور(خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت و جامعہ فاروقیہ کے زیراہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس جامعہ فاروقیہ محب سٹاپ رائے ونڈ 10جنوری 2023 بروزمنگل بعدنمازمغرب کی تیاری کے سلسلے میں علماء کرام وکارکنا ن کا ایک اہم اجلاس جامعہ فاروقیہ میں مولانابرا ء حسن خان کی زیرصدارت ہوا۔اجلاس میں علاقہ بھر کے علما ئے کرام نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کی تیاری کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور کانفرنس کو کامیاب بنانے کا عزم وارادہ کیا گیا۔ علماء نے کہا کہ 10جنوری کو جامعہ فاروقیہ میں منعقد ہونیوالی سالانہ ختم نبوت کانفرنس یہ علاقہ بھر کی بہت بڑی اور تاریخ ساز کانفرنس ہوگی۔ علماء نے بتایا کہ ختم نبوت کانفرنس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، امیر مجلس لاہور مولانا مفتی محمدحسن، مولانا عزیز الرحمن ثانی، قاری سید انوارالحسن شاہ بخاری، مولانا عبدالنعیم، مولانامحمدقاسم گجر، مولانا عبدالعزیز، قاری حماد انور نفیسی سمیت کئی علماء قراء شرکت و خطاب کرینگے۔ علماء نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد اور اسلام کی شہ رگ ہے۔ منکرین ختم نبوت قادیانیوں کی دھوکہ دہی کو امت مسلمہ کے سامنے آشکارا کرتے رہینگے۔