ناروے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تجارتی حجم 128.404 ملین ڈالر سے بڑھانا ہوگا: صدر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ناروے کے ساتھ تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری، ماحول دوست توانائی، تعلیم، ہنرمندی، دفاع اور برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو روایتی اور غیر روایتی برآمدات کو فروغ دے کر اس کے موجودہ حجم 128.404 ملین ڈالر سے زیادہ بڑھایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ناروے کے لئے پاکستان کی نامزد سفیر سعدیہ الطاف قاضی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ فعال طور پر رابطے برقرار رکھیں اور کونسلر خدمات فراہم کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سفیر دونوں ممالک کی جامعات اور اداروں کے درمیان تعلیمی، سائنسی، صنعتی تحقیق و ترقی اور تعاون کے میدان میں بامعنی اور قابل عمل مواقع تلاش کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل 2022ء کی توثیق کر دی۔ بل کے ذریعے کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898ء کے سیکشن 195 میں ترمیم کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا تک بہرے افراد کی رسائی کے ایکٹ 2022 کی منظوری دے دی۔ ایکٹ کے نفاذ کے 6 ماہ کے بعد کسی بھی سرکاری و نجی الیکٹرونک میڈیا، نجی ٹی وی چینل، کیبل ٹی وی یا کسی دوسرے میڈیا پر پاکستان سائن لینگویج ترجمان کے بغیر نیوز بلیٹن کی اجازت نہ ہوگی۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایکٹ کے تحت ایک سال بعد کسی بھی سرکاری و نجی الیکٹرونک میڈیا، نجی ٹی وی چینل، کیبل ٹی وی یا کسی دوسرے میڈیا پر سائن لینگویج ترجمان کے بغیر کسی بھی پروگرام، انٹرٹینمنٹ، اشتہار، ٹاک شو، ڈراما، فلم یا کسی بھی قسم کے تصویری پروگرام کی اجازت نہ ہوگی۔ سرکاری اور نجی میڈیا ہائوسز کو ایکٹ کے نفاذ کے 6 ماہ کے اندر ایکٹ پر عمل درآمد کیلئے سائن لینگویج ترجمان مقرر کرنا ہوں گے۔ ایکٹ کا نفاذ پورے پاکستان پر فی الفور ہوگا۔