• news

 2022 میںپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10بار ریکارڈ اضافہ 

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)سال 2022 میںپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10بار ریکارڈ اضافہ کیا گیا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 69روپے98پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں87روپے 18پیسے کا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق رواں سال 2022عوام کے دکھوں کا مداوا تو نہ کر سکا البتہ انہیں مہنگائی کی دلدل میں میں ضرور دھکیل گیا۔ایک سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10بار ریکارڈ اضافہ کیا گیا اور 11بار برقرار رکھی گئیں جبکہ 11بار کمی کی گئی۔ماہ جولائی میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 248روپے74پیسے اور 276روپے 54پیسے فی لیٹر تک بھی گئی۔جنوری 2022میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 144روپے82پیسے فی لیٹر تھی،16دسمبر 2022کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 214روپے 8پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ 86 روپے18پیسے کا اضافہ کیا گیاجبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 69روپے98پیسے اضافہ ہوا ۔سال کے پہلے ماہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 141روپے62پیسے تھی،موجودہ حکومت کے دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8بار اضافہ کیا گیا۔ موجودہ حکومت کے آغاز میں اپریل پیٹرول کی قیمت 149روپے86پیسے تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 144روپے 15پیسے تھی موجودہ دور حکومت میں پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 248روپے74پیسے اور ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54پیسے فی لیٹر تک پہنچی،موجودہ حکومت کے دور میں سولہ جون کو ڈیزل کی قیمت میں 59روپے16پیسے کا تاریخ کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن